حضرت نانوتوی کی تحقیقات

حضرت نانوتوی کی تحقیقات
یاسر ندیم الواجدی

جدید سائنس نے اب یہ انکشاف کیا ہے کہ خلاء لا متناہی اور غیر محدود ہے۔ ہماری کائنات غیر محدود طریقے سے پھیل رہی ہے، اگر انسان بجلی کی رفتار سے تیز کسی سواری پر بیٹھ کر کائنات کے کنارے پر جانا چاہے گا تو بھی نہیں پہنچ پائے گا، کیوں کہ کائنات بھی بجلی سے زیادہ تیز رفتار سے پھیل رہی ہے۔ اگر کائنات کی توسیع رک جائے تب کہیں چودہ ارب نوری سال میں جاکر انسان کنارے تک پہنچ پائے گا، لیکن ظاہر ہے کہ یہ ممکن نہیں ہے۔ اس سے سائنس داں اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ خلا غیر محدود ہے جس میں کائنات کی توسیع کا عمل جاری ہے۔

اب حجت الاسلام حضرت نانوتوی کو دیکھیے کیا فرماتے ہیں: “مگر جب وجود اس تقریر کے مطابق غیر محدود ہے، ایسا ہی بعد مجرد (خلاء) بھی باعتبار بعد اور امتداد، غیر محدود اور غیر متناہی ہے” قبلہ نما ص86. گویا حضرت کے نزدیک خلاء میں امتداد وپھیلاو بھی ہے اور وہ غیر محدود بھی ہے۔ ( واضح رہے کہ اس سے کچھ ذہنوں میں اشکالات پیدا ہوسکتے ہیں، اس کے لیے حضرت کی پوری عبارت ملاحظہ کی جائے).

حضرت کی تحریروں میں بڑی تعداد ایسی ہے جن کو سمجھنا بنیادی علوم میں گہری دلچسپی کے بغیر ناممکن ہے۔ البتہ کچھ تحقیقات ایسی بھی مل جاتی ہیں، جو تھوڑے بہت تامل کے بعد ایک متوسط الاستعداد طالب علم کو سمجھ میں آسکتی ہیں۔ حضرت کی کتابوں کے مطالعے کے وقت اگر جدید نظریات پر بھی انسان کی نظر رہے، تو فائدہ دوچند ہوجاتا ہے۔ یہ واضح رہے کہ حضرت نے الزامی جواب دیتے ہوے فلسفہ میں بعض مروجہ نظریات کو دلیل کے طور پر استعمال کیا ہے۔ یہ ممکن ہے کہ وہ نظریات اب فرسودہ ہوگئے ہوں، اس سے حضرت کی بیان کردہ الزامی دلیل تو ختم ہو جاتی ہے، لیکن تحقیقی دلیل پھر بھی باقی رہتی ہے۔ مثلا قدیم فلاسفہ کے نزدیک فلکی اجرام میں خرق والتیام ممکن نہیں تھا۔ علم کلام میں اس نظریہ کے خلاف دلائل دیے گیے ہیں۔ حضرت نے قدیم فلاسفہ کے اس نظریے کو بھی بنیاد بناکر دلیلیں دی ہیں مگر وہ الزامی ہیں۔ حضرت کی تحریروں کا مطالعہ کرنے والا اس نکتے کو ذہن میں رکھے گا تو دلائل کے فرسودہ ہونے کا گمان پیدا نہیں ہوگا۔ راقم کے نزدیک حضرت کے اسلوب سے مناسبت نہ رکھنے والے حضرات اگر حضرت رحمہ اللہ کی کتابیں پڑھنا چاہیں تو انتصار الاسلام اور پھر حجت الاسلام کا مطالعہ مفید رہے گا۔

0 Shares:
Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *